ترکیہ کی پارلیمنٹ میں لڑائی، اپوزیشن و حکومتی ارکان گُتھم گُتھا
ترکیہ کی پارلیمان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان وزیر انصاف کی تقرری کے معاملے پر شدید لفظی لڑائی کے بعد دست و گریبان ہو گئے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بدھ کے روز ہونے والے واقعے کی ویڈیوز بھی منظرعام پر آئی ہیں جن میں ارکان کو ایک دوسرے کے خلاف لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تنازع کی وجہ آکن گرلک کی بطور وزیر قانونی تعیناتی ہے، جن کو صدر طیب اردوغان کی جانب سے مقرر کیا گیا ہے اور وہ استنبول کے چیف پراسیکیوٹر بھی رہ چکے ہیں۔
جب وہ پارلیمان میں حلف لینے کے لیے آگے بڑھے تو حزب اختلاف کے ارکان نے اٹھ کر ان کا راستہ روکنے کی کوشش کی اور ان کی تعیناتی کو متنازع قرار دیا جس پر حکومتی ارکان بھی کھڑے ہو گئے۔
کچھ دیر سخت جملوں کے تبادلے کے بعد ارکان ایک دوسرے سے الجھ گئے اور ایک دوسرے پر مکے اور لاتیں مارنے کی کوشش کرتے رہے۔
آکن گرلک استنبول کے چیف پراسیکیوٹر کی حیثیت سے حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعمت ریپبلکن پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں کے ارکان کے خلاف مقدمات کو آگے بڑھا چکے ہیں۔
ان مقدمات کے حوالے سے اپوزیشن ارکان مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ وہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے اور ان کی مذمت بھی کر چکے ہیں۔