جمعیت علماءاسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سرپرستِ اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مینگل، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد فاروقی اور حاجی نعمت اللہ اچکزئی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم کی بعثت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا عظیم احسان ہے۔ آپ نے ایسی دنیا میں قدم رکھا جہاں جہالت، تعصب، شرک اور معاشرتی ناانصافیوں نے انسانیت کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا۔ آپ نے انسان کو اس کے حقیقی مقام سے روشناس کرایا، اسے توحید، عدل، اخوت، اور اعلیٰ اخلاق کا درس دیا اور جہالت کی تاریکیوں میں ہدایت کا چراغ روشن فرمایا۔انہوں نے کہا کہ بعثتِ نبوی سے قبل عرب معاشرے میں بیٹیوں کو زندہ درگور کیا جاتا کمزوروں کے حقوق پامال ہوتے اور طاقتور کو کمزور پر فوقیت حاصل تھی۔ اسلام نے ان تمام جاہلانہ رسوم و روایات کا خاتمہ کرتے ہوئے انسان کو عزت و وقار عطا کیا۔ ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی حیثیت سے عورت کو حقوق تحفظ اور احترام فراہم کیا یتیم، مسکین، غلام، پڑوسی اور معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کو واضح طور پر متعین کیا۔مولانا عبدالرحمن رفیق نے کہا کہ سیرتِ طیبہ صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت، رہنمائی اور فلاح کا جامع پیغام ہے۔ اسلام نے انسانوں کے درمیان رنگ، نسل اور معاشرتی حیثیت کی بنیاد پر امتیاز کی نفی کرتے ہوئے عدل و مساوات کا درس دیا انہوں نے کہا کہ آج کے نام نہاد روشن خیال طبقے کو چاہیے کہ وہ مغرب کی اندھی تقلید کے بجائے تاریخ کا مطالعہ کریں اور دیکھیں کہ انسانی حقوق عورت کے احترام معاشرتی انصاف اور کمزور طبقات کے تحفظ کا حقیقی اور جامع تصور سب سے پہلے اسلام نے دنیا کو دیا۔ نوجوان نسل بالخصوص اپنی فکری و اخلاقی تربیت کے لیے سیرتِ رسول اکرم کو اپنا رہنما بنائے اور آپ کے اسوہ حسنہ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کا حصہ بنائے۔انہوں نے کہا کہ بارہ ربیع الاول کے اس اہم موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم حضور اکرم کی تعلیمات، اخلاق، عدل، رحم، برداشت، اخوت اور انسانیت سے محبت کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر نافذ کریں گے۔ امتِ مسلمہ کی حقیقی کامیابی اور دنیا و آخرت کی فلاح سیرتِ طیبہ سے وابستگی اور آپ کی تعلیمات پر مکمل عمل پیرا ہونے میں ہے۔
بلو چستان
سیرتِ طیبہ انسانیت کے لیے مکمل ضابط حیات ہے ، مولانا عبدالرحمن رفیق