ٹی20 ورلڈ کپ: سنسی خیز میچ جو دو بار ٹائی ہوا، افغانستان ٹورنامنٹ سے باہر
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے مبینہ ‘گروپ آف ڈیتھ’ میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ایسا سنسنی خیز ثابت ہوا کہ فیصلہ کرنے کے لیے دو دو سپر اوور کھیلنا پڑے۔
یہ میچ احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں ہر گیند کے ساتھ کہانی بدلتی رہی۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 187 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم نے شاندار مزاحمت کی اور 19.4 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر اس ہدف کو برابر کر دیا۔ یوں میچ ٹائی ہو گیا اور فیصلہ سپر اوور پر جا پہنچا۔
اصل ڈرامہ آخری اوور میں شروع ہوا۔ افغانستان کو جیت کے لیے آخری اوور میں 13 رنز درکار تھے اور صرف ایک وکٹ باقی تھی۔ جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا نے دباؤ میں دو نو بالز کرا دیں، جس سے میچ افغانستان کی گرفت میں آتا دکھائی دیا، مگر ایک غلط رن لینے کی کوشش نے جنوبی افریقہ کو سانس لینے کا موقع دیا اور اس غلطی نے سکور برابر کر دیا۔
پہلے سپر اوور میں بھی سنسنی برقرار رہی۔ جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 18 رنز درکار تھے، لیکن وہ 17 رنز ہی بنا سکے اور یوں میچ ایک بار پھر برابر ہو گیا۔ اب معاملہ دوسرے سپر اوور تک جا پہنچا۔
دوسرے سپر اوور میں افغانستان کو چار گیندوں پر چار چھکوں کی ضرورت تھی۔ رحمان اللہ گرباز، جنہوں نے مقررہ اوورز میں 42 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی، ایک بار پھر امید بن کر سامنے آئے۔ انہوں نے مسلسل تین چھکے جڑ دیے۔ اب صرف ایک چوکے کی ضرورت تھی تاکہ میچ تیسرے سپر اوور میں داخل ہو جائے۔
اگلی گیند پر گرباز نے شوٹ کھیلا مگر گیند سیدھی پوائنٹ پر موجود فیلڈر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ اگر گیند چند میٹر دائیں یا بائیں چلی جاتی تو شاید کرکٹ شائقین ایک اور سپر اوور دیکھ رہے ہوتے۔
یوں جنوبی افریقہ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد یہ میچ اپنے نام کیا، اور ‘گروپ آف ڈیتھ’ سے نکلنے میں کامیاب رہی۔