ینڈرائیڈ فونز میں برسوں سے صارفین گوگل کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ کو استعمال کر رہے ہیں۔
مگر اب گوگل اسسٹنٹ کا عہد ختم ہونے والا ہے۔
مئی 2016 میں گوگل اسسٹنٹ کو ایلو ایپ (جو کافی عرصے پہلے ہی ختم کی جاچکی ہے) کے حصے کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔
مگر گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ جیمنائی کی آمد کے بعد اب کمپنی نے اینڈرائیڈ فونز میں گوگل اسسٹنٹ کو ریٹائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے کچھ صارفین کو ای میلز بھیج کر آگاہ کیا گیا ہے کہ 4 ستمبر 2026 سے گوگل اسسٹنٹ اینڈرائیڈ فونز سے غائب ہو جائے گا۔
یعنی آپ چند ہفتوں بعد گوگل اسسٹنٹ کو اینڈرائیڈ فونز، ٹیبلیٹس اور وئیر ایبل ڈیوائسز میں استعمال نہیں کرسکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے ایسا 2025 میں کسی وقت کیا جانا تھا مگر پھر گوگل اسسٹنٹ کو مزید کچھ وقت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حالیہ مہینوں کے دوران گوگل کی جانب سے جیمنائی کو متعدد ڈیوائسز میں ڈیفالٹ انتخاب بنانے کے لیے کام کیا گیا ہے۔
اگر آپ اب بھی گوگل اسسٹنٹ کو اینڈرائیڈ فونز پر استعمال کر رہے ہیں تو جیمنائی پر منتقل ہو جائیں، جسے بنیادی فون کمانڈز سے لے کر متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ ملٹی ماڈل اسسٹنٹ ہے یعنی آڈیو، ٹیکسٹ اور تصاویر کے ذریعے اسے ہدایات دینا ممکن ہے۔
آپ جیمنائی کو بھی گوگل اسسٹنٹ کی طرح ہے گوگل کمانڈ کے ذریعے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔