سائنس اور ٹیکنالوجی

واٹس ایپ ویب میں آخرکار آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر صارفین کو دستیاب

واٹس ایپ کی جانب سے میسجنگ سروس کے ویب ورژن کے لیے ایک اہم ترین فیچر کو متعارف کرایا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے واٹس ایپ کے ویب ورژن میں آڈیو اور ویڈیو کالز سپورٹ کو متعارف کرا دیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اسکرین شیئرنگ اور ری ایکشنز سپورٹ بھی صارفین کو دستیاب ہوگی جبکہ ایک کالز ٹیب بھی ویب ورژن کا حصہ ہوگی جہاں آپ کال ہسٹری اور فیورٹ کانٹیکٹس کو دیکھ سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق واٹس ایپ ویب میں کالز کو مکمل اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا اور کسی قسم کی ٹائم لمٹ کا سامنا نہیں ہوگا۔

اس کے ساتھ ساتھ آپ کسی کال کو ایک سے دوسری ڈیوائس پر بلاتعطل منتقل کرسکیں گے۔

یعنی موبائل ایپ سے واٹس ایپ اور واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ ایپ وغیرہ پر ایسا کیا جاسکے گا۔

کمپنی کی جانب سے Noise suppression کو بھی کالز کا حصہ بنایا گیا ہے جس سے بیک گراؤنڈ کی آوازوں کو کالز سے خارج کیا جاسکے گا۔

میٹا نے بتایا کہ ویڈیو کال میں صارفین ایچ ڈی کوالٹی کو استعمال کرسکیں گے اور ایسا کال کے آغاز کے ساتھ ہی ہوگا۔

کمپنی کے مطابق ان فیچرز کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور یہ بتدریج تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *