بلو چستان

عوامی مسائل کے حل کےلئے بیوروکریسی کو اپنا رویہ مثبت، نرم اور عوام دوست بنانا ہوگا، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بیوروکریسی کو اپنا رویہ مثبت، نرم اور عوام دوست بنانا ہوگا۔ اگر سرکاری افسران خلوص نیت اور دیانتداری کے ساتھ عوام کے سلگتے مسائل کے حل میں دلچسپی لیں تو وہ دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔منتخب نمائندے اپنے ووٹروحلقے کے مسائل پرتوجہ دیں اپنے فرائض میں غفلت نہ کریں۔صرف انتخابات میں وعدے ودعوے کامیابی کے بعدغائب ہونامناسب نہیں منتخب نمائندوں کوہمیشہ عوام کے درمیان اورغم وخوشی میں شامل ہوناچاہیے۔بدقسمتی سے شاہانہ طرزِ زندگی،مفت مراعات،غیرضروری پروٹوکول اور غرور و تکبر نے بیوروکریسی کے ایک بڑے طبقے کے رویوں کو متاثر کیا ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دے کر ہی نظام میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عوامی مسائل بیٹھک کے دوران سائلین اور مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہریوں نے گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ، نادرا سے متعلق مسائل، پانی کی قلت، اسٹریٹ کرائمز، عوامی نمائندوں کی عدم توجہی اور بیوروکریسی کے نامناسب رویوں کے حوالے سے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے سائلین کو یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی اور متعلقہ اداروں تک ان کی آواز مو¿ثر انداز میں پہنچائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے دروازے ہر طبقہ فکر کے لیے کھلے ہیں۔ ممبرسازی اور رابطہ عوام مہم کے دوران شہریوں، تاجروں، نوجوانوں اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کی رکنیت حاصل کریں۔ انہوں نے امرائے اضلاع اور ذمہ داران کو ہدایت کی کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ڈور ٹو ڈور رابطہ کریں اور عوام تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *