’لوگ ہمیں ووٹ دیں گے‘، بنگلہ دیش انتخابات میں طارق رحمان پُراعتماد

 ’لوگ ہمیں ووٹ دیں گے‘، بنگلہ دیش انتخابات میں طارق رحمان پُراعتماد

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ لوگ انہیں ووٹ دیں گے اور ان کی پارٹی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔
طارق رحمان قریباً دو دہائیوں سے خودساختہ جلاوطنی کے بعد وطن واپس آئے ہیں، یہ انتخابات ایک ایسے نظام کی تبدیلی کے بعد ہو رہے ہیں جس نے برسوں تک ان کے حامیوں کے ووٹ کے حق کو محدود کیے رکھا۔
انڈپینڈنٹ اردو میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے منگل کو ڈھاکہ میں عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’بی این پی ملک کی سب سے مقبول جماعت ہے۔ ہم گذشتہ 17 برسوں سے عوام کے ووٹ کے حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم عوام کی توقعات اور امنگوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
’مجھے یقین ہے کہ لوگ ہمیں ووٹ دیں گے اور ان شااللہ ہم واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔‘
طارق رحمان سنہ 2008 میں بنگلہ دیش چھوڑ کر لندن منتقل ہو گئے تھے۔ ان کے خلاف سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے دوران مختلف مقدمات قائم کیے گئے، جو بی این پی کی سخت ترین سیاسی مخالف سمجھی جاتی تھیں۔ شیخ حسینہ 2024 کے وسط تک اقتدار میں رہیں، تاہم بعد ازاں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے نتیجے میں ان کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا۔
طارق رحمان دسمبر کے اواخر میں بنگلہ دیش واپس لوٹے، جہاں ایئرپورٹ سے ڈھاکہ کے وسط تک ان کے استقبال کے لیے لاکھوں افراد سڑکوں پر موجود تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہی عوام انتخابات میں ان کی جماعت کی حمایت کریں گے۔
60 سال کے طارق رحمان، بی این پی کے بانی ضیاالرحمان کے بیٹے ہیں، جو سنہ 1971 کی جنگِ آزادی کے ہیرو تھے اور سنہ 1977 میں صدر بنے۔ سنہ 1981 میں ان کے قتل کے بعد طارق رحمان کی والدہ خالدہ ضیا نے پارٹی کی قیادت سنبھالی اور سنہ 1991 میں ملک کی پہلی خاتون وزیرِاعظم بنیں۔
طارق رحمان نے والدہ کے انتقال کے چند ہی دن بعد بنگلہ دیش واپسی پر فوراً بی این پی کی قیادت سنبھالی۔
جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں بی این پی کا مقابلہ مزید 50 جماعتوں سے ہو گا، جن میں بنگلہ دیش جماعتِ اسلامی بھی شامل ہے، جس کے بارے میں اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ نئی حکومت میں بڑی اپوزیشن جماعت بن کر ابھرے گی۔

awais1

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے