آزادکشمیر کے علاقے پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب گاؤں مہنڈلہ مدارپور میں بھارت کی جانب سے بہہ کر پاکستان آنے والی بارودی سرنگ حادثاتی طور پر پھٹنے سے 4 نوجوان شہید ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق چاروں نوجوان روز مرہ معمولات کے پیش نظر گاؤں کے قریب چشمے کے پانی کی پائپ لائن کی مرمت کے لیےگئے تھےکہ ان کے پہنچتے ہی حادثاتی طور پر زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں چاروں نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
شہدا کی شناخت فیضان صغیر، اشتیاق، عاصم رفیق اور وقاص شریف کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اس افسوسناک واقعےکے بعد پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا، نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں گہرے رنج و غم کی فضا ہے۔
واضح رہےکہ لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں میں بھارت کی جانب سے بہہ کر آنے والی بارودی سرنگوں کے باعث شہریوں کی جانوں کو خطرات لاحق رہتے ہیں اور اکثر ایسے بدقسمت حادثات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں۔