کھیل

آئی سی سی نے پلیئنگ کنڈیشنز میں متعدد تبدیلیاں کردیں

کرکٹ کے کھیل کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)  نے پلیئنگ کنڈیشنز  میں تبدیلیاں کردی ہیں، نئی تبدیلیوں کا اطلاق یکم اکتوبر یا اس کے بعد شروع ہونے والی سیریز سے ہوگا۔

آئی سی سی نےکرکٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز میں متعدد تبدیلیوں کےحوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے، اب میچ میں بیٹر کی جانب سے وقت ضائع کرنے پر بیٹر کو جرمانہ ہوگا، مقررہ وقت میں کھیلنے کے لئے تیار نہ ہونے کی صورت میں بیٹر کو وارننگ دی جائے گی،دوسری وارننگ کے بعد فیلڈنگ سائیڈ کوپنالٹی کے پانچ رنز دے دیے جائیں گے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں دن کے آخری اوور میں وکٹ گرنے پر دن کا اختتام نہیں ہوگا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں دوطرفہ رضامندی کے بعد دن میں بھی پنک گیند کا استعمال ہوسکےگا، دن میں پنک گیند کا استعمال کم روشنی کےباعث کھیل کو ممکن بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

آئی سی سی نے اوور تھرو کے قانون میں بھی وضاحت کردی، گیند کو روکتے ہوئے یا دوسرے فیلڈر کو گیند پھینکتے ہوئے مس فیلڈ اوور تھرو تصور نہیں ہوگی۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 15 منٹ کا فکس وقفہ ہوگا، وقت کے ضیاع کے باعث یہ بریک صرف 10 منٹ تک کا بھی ہوسکتا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ میں پانی کے وقفے کے دوران ہیڈکوچ یا مخصوص فردگراؤنڈ میں جاسکےگا۔

آئی سی سی نے وائیڈ بال کے قانون میں بھی تبدیلی کر دی، ٹرائل کی بنیاد پر متعارف کرانے والے لیگ سائیڈ پر وائیڈ بال کے قانون کو اب مستقل کردیا گیا ہے، اب لیگ سائیڈ پر بلیو لائن کے اندر گیند وائید نہیں ہوگی۔

 آئی سی سی کے مطابق نئی تبدیلیاں یکم اکتوبر یا اس کے بعد سے شروع ہونے والی تمام انٹرنیشنل سیریز پر لاگو ہوں گی، پہلے سے جاری سیریز پرانے قوانین کے مطابق کھیلی جائیں گی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *