صوبائی وزیرِ خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا ہے کہ ہرنائی کی دونوں اہم قومی شاہراہوں کی ازسرِ نو تعمیر کے لیے وفاقی وزارتِ مواصلات / نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی جانب سے ٹینڈر طلب کیا جانا ضلع ہرنائی کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونا ہے۔ شاہراہوں کی تعمیر کے ٹینڈر جاری ہونا ضلع ہرنائی کے عوام کے لیے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہرنائی-کوئٹہ اور ہرنائی-سنجاوی قومی شاہراہوں کی ازسرِ نو تعمیر کے لیے میں بارہا اسلام آباد گیا اور وفاقی وزارتِ مواصلات، NHA اور وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام سے ملاقاتیں کرکے ضلع ہرنائی کی خستہ حال قومی شاہراہوں کی صورتحال سے آگاہ کرتا رہا۔ میں نے وفاق سے بارہا اپیل کی کہ ہرنائی کی قومی شاہراہوں کی تعمیر کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہماری مسلسل جدوجہد اور انتھک کوششوں سے وفاقی وزارتِ مواصلات نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ذریعے ہرنائی-کچ ٹو کوئٹہ اور ہرنائی ٹو سنجاوی قومی شاہراہوں کی تعمیر کا ٹینڈر جاری کر دیا ہے، جو وفاقی حکومت اور وفاقی وزارتِ مواصلات کا انتہائی اہم اور قابلِ تحسین اقدام ہے، جس پر ہم وفاقی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا کہ میں بلند و بانگ دعوو¿ں پر نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتا ہوں۔ زیارت اور ہرنائی دونوں اضلاع کی ترقی و خوشحالی میری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ان دونوں قومی شاہراہوں کی تعمیر سے ضلع ہرنائی کی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، کوئلہ مائنز کی صنعت اور زراعت کو فروغ ملے گا۔ عوام کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی، حادثات میں نمایاں کمی آئے گی، جب کہ مقامی زرعی پیداوار اور معدنیات کی ترسیل آسان ہونے سے تجارت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔دریں اثنا، ضلع ہرنائی کی سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین، تاجروں ٹرانسپورٹروں، زمینداروں، کول مائنز اونرز، طلبہ تنظیموں اور عوامی و سماجی حلقوں نے اس تاریخی پیش رفت پر صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے والے لیڈر ہیں۔قومی شاہراہوں کے ٹینڈر جاری ہونے پر ضلع بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بلو چستان
ہرنائی،کوئٹہ اور ہرنائی،سنجاوی قومی شاہراہوں کے ٹینڈر جاری ہونا ضلع کے عوام کےلئے بڑی خوشخبری ہے، حاجی نور محمد خان دمڑ