بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وڑن کے تحت BBoIT نے حالیہ عرصے میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں کے لیے متعدد اہم اقدامات اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہBalochistan Investment & Trade Expo (BITE) 2026 کے انعقاد کی تیاری جاری ہیں جبکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے مو¿ثر روابط، اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو آگے بڑھانا اہم کامیابیوں میں شامل ہے۔ ایک بیان میں بلال خان کاکڑ نے کہا کہ جھینگا فارمنگ منصوبے کے لیے تقریباً 5 ارب روپے کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ گڈانی میں500 ملین روپے کی لاگت سے Shrimp Hatchery کے قیام کے لیے بھی عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں برطانوی کمپنی Harley Healthcare Service کے ساتھ نجی میڈیکل و نرسنگ کالج کے قیام کا معاہدہ، بوستان سپیشل اکنامک زون میں چینی سرمایہ کاری کے لیے پیش رفت سمیت متعدد سرمایہ کاری منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وائس چیئرمین نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بلوچستان کے 20 منصوبوں کی منظوری، چین اور دیگر ممالک کے ساتھ B2B روابط اور مختلف کاروباری و سرمایہ کاری اداروں کے ساتھ شراکت داری صوبے کو عالمی سرمایہ کاری کے نقشے پر نمایاں کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت کی فراہمی بھی BBoIT کی ترجیحات میں شامل ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور تیز بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ BBoIT بلوچستان کے وسائل اور مقامی صلاحیتوں کو عالمی سرمایہ، ٹیکنالوجی اور مہارت سے جوڑنے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ اقدامات صوبے میں روزگار، تجارت، صنعت اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
بلو چستان
ہم نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں کےلئے متعدد اہم اقدامات اور کامیابیاں حاصل کی ہیں، بلال خان کاکڑ