سائنس اور ٹیکنالوجی

گاڑی میں سفر کرتے ہوئے سر چکراتا ہے؟ اب اینڈرائیڈ فونز کا نیا فیچر نجات میں مددگار ثابت ہوگا

طیارے، ٹرین، بحری جہاز یا گاڑی کے سفر کے دوران کچھ افراد کو اچانک متلی اور سر چکرانے کی تکلیف کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اس مسئلے کو طبی زبان میں موشن سکنس کہا جاتا ہے جس کے شکار افراد کو متلی، قے، سر چکرانے اور دیگر علامات کا سامنا ہوتا ہے۔

اگر آپ بھی ان افراد میں سے ایک ہیں جن کو چلتی گاڑی میں سر چکرانے یا متلی کا سامنا ہوتا ہے تو ایسا دنیا بھر میں متعدد افراد کے ساتھ ہوتا ہے۔

ویسے تو اگر موشن سکنس کا سامنا ہو تو ماہرین کی جانب سے فون کے استعمال سے گریز کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

مگر اب گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر موشن اسسٹ متعارف کرایا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل نے اس فیچر کو بتدریج متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ 17 آپریٹنگ سسٹم کا حصہ ہے اور اسے گوگل پکسل فونز کے لیے سب سے پہلے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس فیچر سے صارفین کو گاڑی کے سفر کے دوران موشن سکنس کی شدت میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

یہ ایک پراسرار بیماری ہے جس کی بنیادی وجہ کا علم نہیں مگر ماہرین نے کچھ ممکنہ وجوہات ضرور بتائی ہیں۔

ایک بات تو واضح ہے کہ موشن سکنس کا سامنا اس وقت ہوتا ہے جب ہماری حسیں دماغ کو متضاد پیغامات بھیجتی ہیں۔

مثال کے طور پر آپ کسی جھولے میں بیٹھے ہیں جو اوپر نیچے گھوم رہا ہے تو ہماری آنکھیں ایک چیز کو دیکھتی ہیں، مسلز کسی اور چیز کو محسوس کرتے ہیں جبکہ اندرونی کان کو بالکل مختلف احساس ہوتا ہے۔

ہمارا دماغ ان متضاد سگنلز کو برداشت نہیں کرپاتا جس کا نتیجہ سر چکرانے یا متلی کی شکل میں نکلتا ہے۔

ماہرین کے خیال میں موشن سکنس کے مسئلے میں اندرونی کان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ توازن کے احساس کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اندرونی کان vestibular system نامی نیٹ ورک کا حصہ ہوتا ہے اور یہ سسٹم جسم کے اردگرد کے بارے میں تفصیلات دماغ کو بھیجتا ہے۔

ہمارا دماغ پورے جسم کے ڈیٹا کو اکٹھا کرکے قابل فہم بناتا ہے مگر کئی بار وہ گڑبڑا جاتا ہے۔

مثال کے طور پر طیارے میں سفر کے دوران آپ کو حرکت کا احساس ہوتا ہے مگر ہماری آنکھیں دماغ کو بتاتی ہیں کہ آپ تو ایک جگہ رکے ہوئے ہیں۔

ایسا ہی دریا یا سمندر میں سفر کے دوران بھی ہوتا ہے، یعنی آپ تو خشک سطح پر ساکت کھڑے ہوتے ہیں مگر حرکت کا احساس ہورہا ہوتا ہے۔

گاڑی میں بھی ڈرائیور سے ہٹ کر دیگر نشستوں پر بیٹھنے والے کچھ افراد کو اس تجربے کا سامنا ہوتا ہے۔

تینوں کا نتیجہ موشن سکنس کی شکل میں نکلتا ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *