دلچسپ و عجیب

جِلد میں تکلیف کے باعث 5 سال تک تالاب میں زندگی گزارنے والا نوجوان

کیا آپ یقین کریں گے کہ کوئی فرد کسی تالاب میں برسوں تک رہے؟

ایسا انوکھا واقعہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر مرشد آباد میں سامنے آیا ہے۔

اقبال شیخ نامی 16 سالہ نوجوان نے گزشتہ 5 سال زیادہ تر وقت ایک چھوٹے تالاب کے پانی کے اندر گزارے تاکہ وہ ایک تکلیف دہ جِلدی بیماری سے بچ سکے۔

اس تکلیف کے دوران جِلد میں جلن کا سامنا ہوتا تھا اور متعدد ڈاکٹروں سے علاج کرانے کے باوجود مرض کی تشخیص تک نہیں ہوسکی۔

5 سال تک کسی تالاب میں گزارنے پر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے مگر اقبال شیخ اور اس کے خاندان کے مطابق اگر یہ نوجوان زیادہ وقت پانی سے باہر گزارے تو اسے شدید تکلیف کا سامنا ہوتا ہے۔

درحقیقت اقبال شیخ کا تو ماننا ہے کہ اس کی وجہ کوئی جن یا چڑیل ہے۔

گزشتہ دنوں اس کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں جس میں اس کا جسم پانی کے اندر جبکہ گردن باہر تھی۔

یہ کہانی وائرل ہوکر بھارت کے امیر ترین افراد میں شامل مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی تک پہنچی۔

اننت امبانی کی جانب سے 16 سالہ نوجوان کو 1300 میل دور ممبئی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے مرض کی تشخیص اور علاج شروع کیے جانےکا امکان ہے۔

طبی ماہرین کو شک ہے کہ اقبال شیخ ایک جِلدی مرض erythromelalgia سے متاثر ہوسکتا ہے جس کے دوران جِلد میں جلن اور سرخی جیسی علامات کا سامنا ہوتا ہے۔

اقبال شیخ اسپتال میں داخل ہے اور اس کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *