ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہےکہ آج دن سوا 11 بجے مال روڈ راولپنڈی میں سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کرنے والے دہشت گرد محمد حسین کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تھا۔
ترجمان کے مطابق آج دن سوا 11 بجےمال روڈ راولپنڈی میں دہشت گرد نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، فائرنگ سے سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی میں حملہ آور کو جوابی فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا، دہشت گرد کےقبضے سے ملنے والے موبائل فون اور دیگر سامان سے مزید شواہد سامنے آئے ہیں، دہشت گرد محمد حسین کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تھا۔
راولپنڈی میں مال روڈ پر سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ میں پی ٹی آئی ملوث ہے، عطا تارڑ
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے راولپنڈی میں مال روڈ پر سکیورٹی اہلکار پر دن دیہاڑے فائرنگ کے واقعے میں پی ٹی آئی کو ملوث قرار دے دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نےکہا ہےکہ مال روڈ واقعے سے بہت سی چیزیں سامنے آگئی ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ احتجاج میں اسلحے سے لیس ہوکر آتے ہیں ، پی ٹی آئی نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے، پی ٹی آئی کے کسی بھی احتجاج کے پیچھے ان کا مقصد ملک میں انارکی پھیلانا ہے ، پاکستان کی ترقی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہو رہی۔
پی ٹی آئی کا کبھی کسی دہشتگردی سےکوئی تعلق نہیں رہا،سلمان اکرم راجا
ادھر جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے عطاتارڑ کے الزام کی تردیدکرتے ہوئےکہا ہےکہ پی ٹی آئی کا کبھی کسی دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں رہا، راولپنڈی میں مارا جانے والا شخص کس گروہ کا تھا، اس کا کیا عمل تھا نہیں جانتے، پی ٹی آئی ایک پُرامن جماعت اور دہشت گردی کےخلاف ہے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کسی پُر تشدد کارروائی کا حصہ نہیں، ہم آئین اورقانون کے اندراپنی جدوجہد کر رہے ہیں۔