کیا اگر آپ کا کوئی پیارا گٹر کی گہرائی میں گر جائے تو کیا آپ اسے بچانے کی بجائے اس کے ساتھ رہنے کو ترجیح دیں؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر چین میں واقعی ایسا حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے۔
چین کے صوبے شان ڈونگ کے علاقے ڈونگ یانگ میں جب بیوی گٹر میں گرگئی تو اس کے تحفظ کے لیے فکرمند شوہر اس کے ساتھ رہنے کے لیے خود بھی وہاں پہنچ گیا۔
یہ واقعہ 15 جولائی کا ہے جب یہ جوڑا اس علاقے کے سرسبز حصے میں ٹڈوں کو پکڑ رہا تھا۔
اس علاقے میں ان کیڑوں کو بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔
اس جوڑے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور جب وہ ٹڈے ڈھونڈ رہے تھے تو بیوی حادثاتی طور پر گٹر کے مین ہول میں گرگئی جو کہ 5 میٹر گہرا تھا۔
گیلی گھاس سے پھسلنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا جبکہ وہاں روشنی بھی بہت کم تھی۔
گٹر میں گرنے کے باعث خاتون زخمی ہوئی اور اندر ہلنے کی بھی ہمت نہیں رہی۔
شوہر نے بیوی کے زخموں کو دیکھا تو اس کی حالت کے حوالے سے پریشان ہوگیا اور وہ بھی اس کے ساتھ رہنے کے لیے اندر چلا گیا۔
اس جوڑے نے موبائل فونز کے ذریعے فائر فائٹرز سے مدد طلب کی۔
فائر فائٹرز جلد وہاں پہنچ گئے اور گٹر کے نم اور تاریک ماحول میں جوڑے کو کافی نازک حالت میں دریافت کیا۔
ایک فائر فائٹرز گٹر کے اندر اترا اور خاتون کو حفاظتی رسی باندھنے میں مدد کی اور دیگر نے خاتون کو باہر نکال لیا۔
فائر فائٹرز نے شوہر کو ہدایات دیں اور حفاظتی آلات کے ذریعے وہ خود وہاں سے باہر نکل آیا۔
فائر فائٹرز کے مطابق بیوی کے زخم مہلک نہیں تھے اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔