چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ آزادکشمیر کے انتخابات میں ن لیگ کو ایسی شکست ہوگی کہ تاریخ یاد رکھےگی، پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائےگی، عوام نے موقع دیا تو ہر فورم پرکشمیر کی آواز بنیں گے۔
کوٹلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نےکہا کہ حکومت بنانےکے لیے وہ کوٹلی سے ہر سیٹ پر جیتنا چاہتے ہیں،کشمیر کا مستقبل کسی کی جیب میں نہیں بلکہ کشمیریوں کے ہاتھ میں ہے، فیصلہ کشمیرکے عوام کریں گے۔
بلاول نےکہا کہ مسلم لیگ ن کے وزیرکشمیریوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، وزیردفاع کے بیان پر اب تک وزیراعظم کا جواب نہیں آیا، جب تک وہ وزیرکابینہ میں رہےگا وہ اس بیان کو وفاقی حکومت کی پالیسی سمجھیں گے،کشمیریوں کے خلاف بیان دینے والوں کو وزارت میں بیٹھنےکا کوئی حق نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے آزادکشمیرکی صورت حال پر ایک بار پھر سچائی اور مفاہمتی کمیشن بنانےکا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت سے انٹرنیٹ کھولنےکی اپیل کی اور ساتھ ہی کہا کہ کمیشن بنانے کی تجویز پر ابھی تک فریقین سے جواب نہیں ملا،کشمیر کے حالات بہتر کرنے ہیں، اگر کمیشن نہیں بناسکتے تو مسائل کا دوسرا حل بتادیں ۔ وفاق سے اپیل ہے ٹرتھ کمیشن کےکام مکمل کرنے تک مزید کارروائی نہ کریں، احتجاج کرنے والوں سے کہتا ہوں آپ سزا یہاں کے رہنے والوں کو دے رہے ہو،کشمیر کے عوام بہادر لوگ ہیں، محب وطن ہیں، ہم اورآپ مل کر آزاد کشمیرکے مسئلے حل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو نظام چل رہا ہے اپ چاہتے ہیں یہی رہے تو آپ کی مرضی ہے، میں سمجھتا ہوں کشمیر کے عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں، چاہتا ہوں لاڑکانہ کے ایم این اے کے ساتھ کشمیرکا ایم این بھی میرے ساتھ قومی اسمبلی میں ہو۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزیدکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی6 مہینوں سے آزادکشمیر میں حکومت ہے، جو ایف آئی آر کٹوا رہے ہیں یہ مت سوچنا ہم آپ کو بھولیں گے، الیکشن ہونے دیں میں خود آپ کو دیکھ لوں گا۔