اہم خبرپاکستان

دنیا میں امن کیلئے پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا اور کر رہا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز  شریف کا کہنا ہےکہ  امریکا ایران جنگ کے دوران خطے اور دنیا میں امن کے لیے پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا اور کر رہا ہے، امید ہے کہ جاری بات چیت دیرپا امن میں تبدیل ہو گی اور امن ہوگا۔

اسلام آباد میں بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کی قیادت ہماری دعوت پر اسلام آباد آئی، 1979 کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت ایک ساتھ بیٹھی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امن بات چیت میں بھر پور کردار ادا کیا، امن کے لیے پاکستان کا کردار مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔وزیر اعظم  نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ فیلڈ مارشل نے فریقین کو ایک میز پر بٹھایا اور ان کی کوششیں اب بھی جاری ہیں جبکہ اسحاق ڈار اس دوران دونوں ممالک کی قیادت سے مسلسل رابطے میں رہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خطے اور دنیا میں امن کے لیے پاکستان نے اپنا بھرپور کردار کیا اور اب بھی کر رہا ہے، امید ہے کہ جاری بات چیت دیرپا امن میں تبدیل ہو گی، خطے میں امن ہوگا اور مزید جانیں ضائع نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام لوگوں میں مزید اتفاق اور اتحاد پیدا کریں، دہشت گرد مسلمان کہلوانے کے قابل نہیں ہیں، حالیہ بحران کے دوران پوری قوم اکٹھی نظر آئی، فرقے اور مسلک سے قطع نظر سب نے امن اور جنگ کے خاتمےکی بات کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے حرمین شریفین کے دفاع کے عزم کی تجدید کی ۔ فلسطین اورکشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو دہرایا  اور کہا پاکستان مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کو قانونی حق ملنے تک اُن کا ساتھ دیتا رہےگا۔

کانفرنس میں وزیراعظم نے امت مسلمہ کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو شیلڈز بھی  پیش کیں۔ 

وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کے لیے بھی اعزازی شیلڈ دی جو سعودی سفیر نے وصول کی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے سفیر، فلسطین کے مفتی اعظم اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر کو بھی شیلڈز دیں جب کہ مفتی اعظم مقبوضہ بیت المقدس محمد احمد حسین نے خصوصی دعا کرائی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *