ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ ایونٹ کا فائنل آج پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو6 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ بھارت نے سری لنکا کو 124 رنز سے ہرایا تھا۔
جاپان میں جاری ایشین گیمز میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں گولڈ میڈل جیتنے کیلئے بھرپوری تیاری کررہی ہیں پر میچ کا بارش کے باعث متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہے۔
ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کے کوارٹر فائنلز بھی بارش کی وجہ سے منسوخ کردیے گئے تھے۔
بارش کے باعث فائنل نہ ہوا تو گولڈ میڈل کس کو ملے گا؟
جاپان کے شہر نشین میں موسم کی پیش گوئی کے باعث پاک بھارت فائنل میچ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موسم کی پیش گوئی کرنے والے ادارے ایکیو ویدر کے مطابق ہفتے کی صبح بارش کا امکان 62 فیصد ہے، جو دوپہر میں کم ہو کر 25 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
اگر بارش کے باعث فائنل میچ کا نتیجہ نہ نکل سکا تو 2026 کے ایشین گیمز کے قواعد گزشتہ ایڈیشن سے مختلف ہوں گے۔
2023 میں چین کے شہر ہانگژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں بھارتی مینز کرکٹ ٹیم نے افغانستان کے خلاف فائنل بارش کی نذر ہونے کے بعد گولڈ میڈل جیت لیا تھا۔ بھارت کو زیادہ بہتر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔
تاہم جاپان کے شہر نشین میں یہ اصول لاگو نہیں ہوگا۔
موجودہ ایڈیشن کے قواعد کے مطابق اگر فائنل میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم یا منسوخ ہوگیا تو گولڈ میڈل پاکستان اور بھارت دونوں کو مشترکہ طور پر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9:30 بجے شروع ہوگا۔