ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ، ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار ہلاک

 ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ، ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ وانڈہ بڈھ میں بدھ کو دہشت گردوں کی پولیس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ سے ایس ایچ او فہیم ممتاز سمیت چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ ڈی ایس پی پہاڑپور حافظ عدنان سمیت دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد دہشت گردوں کے ساتھ کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او شدید زخمی ہو گئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقعے پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے ایس ایچ او سمیت جان سے جانے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کیا۔
وزیراعلٰی نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہے، دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی پولیس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

awais1

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے