سائنس اور ٹیکنالوجی

ایکس پوسٹس سے کمانا چاہتے ہیں؟ کمپنی نے نیا پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کر دیا

جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹر جسے اب ایکس کے نام سے جانا جاتا ہے، کا کنٹرول سنبھالا ہے، اس پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں کی جاچکی ہیں۔

اس حوالے سے کافی شکایات کی جاتی ہیں جن میں سب سے بڑی شکایت اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مواد کا معیار گر جانا ہے، جس کی وجہ ریونیو شیئرنگ پروگرام ہے۔

مگر اب اس کا اختتام ہو رہا ہے اور ایکس کی جانب سے موجودہ ریونیو شیئرنگ پروگرام کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور نئے monetization پروگرام اوریجنل کانٹینٹ ریورڈز کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق اب ایسے صارفین کو پیسے کمانے کا موقع فراہم کیا جائے گا جو نئے خیالات، مہارت، رپورٹنگ، تخلیقی مواد اور کمیونٹی کو ایکس میں لائیں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ ایکس میں ابھی موجود بہترین مواد کو ری شیئرنگ سے نہیں روکا جائے گا بلکہ اب نئے مواد کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔

ابھی متعدد افراد دیگر صارفین کے مواد کے اسکرین شاٹس کو شیئر کرکے یا ری اپ لوڈ کرکے پیسے کما لیتے ہیں۔

دیگر پلیٹ فارمز جیسے یوٹیوب میں ایسے مواد پر پیسے نہیں دیے جاتے جو چوری کرکے اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔

ایکس کی جانب سے اب اس خامی کو دور کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کے مطابق موجودہ ریونیو شیئرنگ پروگرام 7 ستمبر تک برقرار رہے گا جس کے بعد نئے پروگرام کا اطلاق 8 ستمبر سے ہوگا۔

نئے پروگرام کا حصہ بننے کی کچھ شرائط پرانے پروگرام جیسی ہی ہوں گی، یعنی ایکس کے کسی سبسکرائبر پروگرام کا حصہ ہونا ضروری ہوگا۔

مگر کچھ نئی شرائط کو بھی پورا کرنا ہوگا جیسے آپ کے فالوورز میں کم از کم 500 ویریفائیڈ صارفین کا ہونا ضروری ہوگا۔

اسی طرح اس صارف کو گزشتہ 90 دن کے اندر کم از کم 5 لاکھ ہوم ٹائم امپریشنز کو یقینی بنانا ہوگا۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ ایکس پر صرف اوریجنل مواد سے ہی لوگ پیسے کما سکیں، کاپی یا ری اپ لوڈ کیے گئے مواد پر آمدنی کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔

کمپنی کے مطابق صارفین کی اہلیت کو مسلسل چیک کیا جائے گا جبکہ گمراہ کن تفصیلات کی پوسٹنگ یا اے آئی بوٹس کو ویوز کے لیے استعمال کرنے پر بھی نظر رکھی جائے گی۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *