کھیل

دورہ انگلینڈ میں کپتان”بابراعظم ” کو میڈیا سے دور رکھنا چاہیے، راشد لطیف

کراچی: سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں کپتان بابراعظم  کو میڈیا سے دور رکھنا چاہیے۔

جیو نیوز کے پروگرام “اسکور” میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ میں پی سی بی مینجمنٹ کو کپتان بابر اعظم کو انگلش میڈیا سے دور رکھنے کی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کیساتھ 1992 ،1996 اور 2001 میں انگلینڈ کا دورہ کرنے والے وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا دورہ ایک مشکل دورہ ہوتا ہے،جہاں انگلش میڈیا غیر ضروری طور پر مہمان ٹیم کو خبروں میں الجھانے کی کوشش کرتا ہے، اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر ان کی خصوصی نگاہ ہوگی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں ،اچھا ہوگا کہ پی سی بی مینجمنٹ انھیں انگلش میڈیا سے دور رکھے اور انگلش میڈیا میں سابق کپتان شان مسعود کو زیادہ بھیجا جائے، وہ وہاں کھیل چکے ہیں، انہیں انگلش میڈیا سے بات کرنے کا بہتر تجربہ ہے، شان مسعود کے علاوہ امام الحق اور محمد عباس بھی اچھا انتخاب ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم 3 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لئے انگلینڈ پہنچ چکی ہے، بابر اعظم کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے ہیڈنگلے لیڈز  پر شروع کر رہی ہے۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *