پاکستان

این سی سی آئی اے میں متنازع بیان پر طلب عمران خان کی بہن نورین نیازی پیش نہ ہوئيں، وکیل نے جواب جمع کرادیا

نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئ اے)  کی جانب سے متنازع بیان پر طلب پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی پیش نہ ہوئيں۔

این سی سی آئی کے طلبی کے نوٹس پر نورین نیازی کے وکیل فیصل ملک این سی سی آئی اے پہنچے اور  جواب جمع کرایا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں نورین نیازی کے وکیل نے کہاکہ نورین نیازی نے فیصلہ کیا ہے کہ این سی سی آئی اے سے تعاون کريں گی، بتایاجائے کس شق کے تحت نوٹس جاری ہوا اور انہیں کس قانون کے تحت طلب کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمیں کل آنے کا کہا گیا ہے لیکن ہم نے چار ہفتوں کی مہلت مانگی ہے، نورین نیازی باہر ہیں، ان کا ابھی یہاں پیش ہونا مشکل ہے، بیٹا اور بھائی جیل میں ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان کی بہن نورین نیازی کا معرکہ حق اورپاک فوج سےمتعلق متنازع بیان سامنے آیا تھا اور انہوں نے ایک انٹرویو میں معرکۂ حق کے معاملے پر افواجِ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

نورین نیازی نے کہا تھاکہ معرکۂ حق افواجِ پاکستان اور مودی کا گٹھ جوڑ تھا ، بھارت نے اسرائیل کے کہنے پر پاکستان پر حملہ کرنے سے گریز کیا کیونکہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہا تھا۔

این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو آج طلب کیا تھا۔

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *