چیئرمین قائمہ کمیٹی برائےدفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں پیش آنے والا حالیہ دہشت گردی کا واقعہ نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے جس میں ایک ترک شہری سمیت دس کانکن جاں بحق ہو گئے یہ اندوہناک سانحہ نہ صرف انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنا بلکہ اس نے ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں چاغی جو معدنی وسائل سے مالا مال علاقہ ہے، غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کیلئے ہمیشہ کشش رکھتا رہا ہے اس قسم کے واقعات سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متزلزل کر دیتے ہیں یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ بلوچستان ایک عرصے سے دہشت گردی اور بدامنی کا شکار ہے حکومت اور سکیورٹی فورسز مسلسل دہشت گرد عناصر کے خلاف برسرِ پیکار ہیں اور متعدد کامیاب آپریشنز کے ذریعے حالات کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادرنے مزید کہا ہے کہ چاغی جیسے واقعات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ دہشت گرد نیٹ ورکس ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے اور وہ موقع ملنے پر ریاستی رٹ کو چیلنج کرتے ہیں۔ اس واقعہ میں ایک غیر ملکی شہری کی ہلاکت ہوئی، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تشخص اور سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے سوالات کو جنم دے سکتی ہے ایسے حالات میں حکومت کو نہ صرف دہشت گردوں کے خلاف فوری اور مو¿ثر کاروائی کرنا ہوگی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کارکنوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ریاستی ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کریں۔ جبتک بلوچستان میں پائیدار امن قائم نہیں ہوتا معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے اہداف کا حصول مشکل رہے گا۔ حکومت دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کرے اور عوام و سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ٹھوس اور دیرپا سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنائے.
Uncategorized
چاغی میں ہونیوالی دہشت گردی نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر