جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ قوم کی نظریں جمعیت علماءاسلام پر لگی ہوئی ہیں، دیگر صوبوں کی طرح پنجاب میں بھی جمعیت علماءاسلام کی بڑھتی ہوئی عوامی پذیرائی اور مقبولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اصولی سیاست، نظریاتی جدوجہد اور قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں۔ جمعیت علماءاسلام نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک اسلامی تشخص، آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام، پارلیمان کی خودمختاری اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ جماعت نے ہر دور میں آمریت، غیر جمہوری اقدامات اور سیاسی جبر کے خلاف اصولی مو¿قف اختیار کیا، اس جدوجہد میں قائدین اور کارکنوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، قربانیاں دیں اور اپنے نظریات پر ثابت قدم رہے، مگر اپنے اصولوں اور مو¿قف پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام کی تاریخ قربانیوں، استقامت اور عوامی خدمت سے عبارت ہے، یہی وجہ ہے کہ آج بھی عوام اس جماعت کو امید کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پنجاب میں جمعیت علماءاسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف عناصر اس عوامی پذیرائی کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا کے اجرتی بھونپوو¿ں کا سہارا لے رہے ہیں اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے جماعت کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن جھوٹے الزامات، کردار کشی اور منظم پروپیگنڈے سے کسی نظریاتی تحریک کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام نے ہمیشہ آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھا ہے اور پارلیمانی سیاست کے ذریعے ملک میں اسلامی اقدار، عدل و انصاف، معاشی مساوات اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے ہر مشکل دور میں اصولی سیاست کا علم بلند رکھا اور قومی معاملات پر جرات مندانہ مو¿قف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو مہنگائی، بے روزگاری، معاشی بدحالی اور سیاسی عدم استحکام جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، ایسے حالات میں قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ذاتی مفادات کے بجائے عوامی مسائل کو ترجیح دے اور ملک کو آئین و قانون کے مطابق آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ جمعیت علماءاسلام کی سیاست اقتدار کے حصول تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک نظریاتی مشن اور عوامی خدمت کی جدوجہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور وہ سوشل میڈیا کے منفی پروپیگنڈے سے مرعوب ہونے کے بجائے جماعتوں کے کردار، نظریات، قربانیوں اور عملی جدوجہد کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے۔ جمعیت علماءاسلام اپنی اصولی سیاست جاری رکھے گی اور عوام کے حقوق، جمہوریت کی بالادستی، آئین کی سربلندی اور اسلامی تشخص کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
بلو چستان
قوم کی نظریں جمعیت علماءاسلام پر لگی ہوئی ہیں، مولانا عبدالواسع