مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور معاشی ترقی کے عمل میں ان کی مو¿ثر شرکت یقینی بنانے کے لیے سازگار مواقع کی فراہمی ضروری ہے۔ خواتین کی قیادت میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ نہ صرف ان کی معاشی خودمختاری میں معاون ہے بلکہ پائیدار اور جامع معاشی ترقی کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ”جامع اور مستحکم معاشی بااختیاری و ترقی“ میں بلوچستان کی باصلاحیت خواتین کاروباری شخصیات کی نمائندگی کے حوالے سے کیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی باصلاحیت خواتین کاروباری شخصیات کی قیادت کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بلوچستان کی خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان کی آواز کو مو¿ثر انداز میں متعلقہ حلقوں تک پہنچانے اور خواتین کی قیادت میں معاشی ترقی کے فروغ کے امکانات کو اجاگر کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں کاروبار، جدت اور معاشی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار، کاروباری مواقع تک رسائی اور معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں۔ مشیر ترقیِ نسواں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی معاشی بااختیاری، کاروباری استعداد میں اضافے اور ان کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے مو¿ثر اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا رہے گا، تاکہ بلوچستان کی خواتین صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
بلو چستان
خواتین کو بااختیار بنانے، صلاحیتیں اجاگر ،معاشی ترقی عمل میں شرکت یقینی بنانے کےلئے سازگار مواقع کی فراہمی ضروری ہے،ڈاکٹر ربابہ بلیدی