بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر نے سیاسی دباؤ بڑھنے پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
وائس چانسلر پروفیسر حسین مہدی کا کہنا ہے کہ انہیں سابق وائس چانسلر جیسے انجام کی دھمکیاں دی گئیں، عزت بچانے کے لیے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ استعفیٰ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھیج چکے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر حسین مہدی نے کہا کہ یونیورسٹی میں کئی گھوسٹ ملازمین تھے اور کئی افسران ہراسانی کے کیس میں ملوث تھے جن کے خلاف کارروائی کی تو سیاسی افراد کی جانب سے مسلسل دباؤ ڈالا جاتا رہا اور کام کرنے نہیں دیا جارہا جبکہ مجھے سابق وائس چانسلر جیسے انجام کی دھمکیاں بھی دی گئی۔
واضح رہے کہ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ پر خاتون ایم اپی اے نے ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا جس پر وزیر اعلیٰ نے وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹادیا تھا۔
لیاری یونیورسٹی کے ممبران سینڈیکٹ کے مطابق لیاری سے منتخب ایم پی اے مسلسل کاموں میں رکاوٹ ڈال رہے تھے اور وائس چانسلر پر دباؤ رہے تھے جو وائس چانسلر کے استعفیٰ کی وجہ بنا ہے۔