ایکس اے آئی کے سربراہ ایلون مسک اور اوپن اے آئی کمپنی کے سربراہ سام آلٹمین نے بھی مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے سربراہ داریو اموڈے کے مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی سے لاحق خطرات سے متعلق بیان کی حمایت کر دی۔
ایلون مسک نے کہا کہ داریو اموڈےکی بات بالکل ٹھیک ہے ، وہ تو خود طویل عرصے سے اے آئی خطرات سے خبردار کر رہے ہیں۔
سام آلٹمین کا کہنا تھا کہ داریو اموڈے سے متفق ہوں، مصنوعی ذہانت کی رفتار مناسب انداز میں آگے بڑھانےکی ضرورت ہے۔
خیال رہےکہ داریو اموڈے نے خبردار کیا تھا کہ اے آئی کی تیز رفتار ترقی صرف 6 سے 12 مہینوں میں پورے انٹرنیٹ کو ہائی جیک کرسکتی ہے ، جس سے کھربوں ڈالرکا نقصان ہوسکتا ہے ۔
اے آئی چیٹ بوٹ کلاڈ بنانے والی کمپنی اینتھروپک کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ہمیں اے آئی ماڈلز کی صلاحیتوں کو بہتر بنانےکی رفتار کم کرنی چاہیے، ترقی پھر بھی تیز نظر آئے گی اور ہمیں حاصل ہونے والے وقت کا دانشمندی سے استعمال کرنا چاہیے۔
سی ای و اینتھروپک کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی یک طرفہ طور پر بیرونی جانچ کرنے والوں کو ملازمین جیسی رسائی دےگی تاکہ حفاظتی طریقہ کارچیک کیا جاسکے اور واقعات کی رپورٹ کی جاسکے، انہوں نے پوری انڈسٹری سے بھی یہی کرنےکی اپیل کی ہے۔