امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ ترکیے میں نیٹو اجلاس سے واپسی پر صدر ٹرمپ کے طیارےکو میزائل حملے سے نشانہ بنانےکا خطرہ تھا۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں معاملے سے باخبر امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کو متعدد ذرائع سے ممکنہ حملےکی معلومات موصول ہوئی تھیں، ٹرمپ کے ائیرفورس ون پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل حملےکا خطرہ تھا۔
امریکی حکام کے مطابق نیٹو اجلاس کے قریب ایک شخص کو کندھے سے فائرکیے جانے والے میزائل کے ساتھ بھی دیکھا گیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق ایران کویہ بھی علم تھا کہ انقرہ میں ٹرمپ کون سی عمارت اور اس کی کس منزل پر موجود ہیں۔ ایرانی حملےکے خدشے پر ٹرمپ کو خفیہ طور پر فوجی طیارے میں منتقل کیا گیا تھا۔
امریکی اخبار کے مطابق اسرائیل نے امریکی انتظامیہ کو ممکنہ ایرانی حملے سے متعلق انٹیلی جنس معلومات دی تھیں، اسرائیل نے خبردار کیا تھا کہ ائیرفورس ون کو شولڈر فائر میزائل سے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
امریکی اخبار کا کہنا ہےکہ انٹیلی جنس معلومات کے برعکس کوئی میزائل فائر نہیں ہوا، حملے کےخطرے کی اطلاعات کی صداقت بھی واضح نہیں ہے۔