چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ رواں ماہ ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی کا اسلام آباد دورہ خوش آئند اور مثبت پیش رفت ہے۔ ایرانی وفد کا دورہ پاکستان خطے میں تیزی سے تبدیل ہوتے سلامتی اور سفارتی منظرنامے کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایرانی قیادت کو پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے خدوخال سے آگاہ کرنا ایک درست اور بروقت سفارتی اقدام ہوگا۔ مکہ دفاعی معاہدے میں ایران کی ممکنہ شمولیت رکن ممالک کی سفارتی حکمتِ عملی کی بڑی کامیابی بھی ہوگی اور ایک نیا امتحان بھی۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ پاکستان کو ایرانی قیادت پر واضح کرنا چاہیے کہ مکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی یا جارحانہ عزائم کے لیے نہیں بلکہ مشترکہ سلامتی، دفاعی تعاون اور علاقائی استحکام کے وسیع تر مقاصد کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔ اس معاہدے کی وضاحت براہِ راست ایرانی قیادت تک پہنچانا پاکستان کی سفارتی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت کے اسلام آباد دورے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ عمان کی وساطت سے ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی رابطوں میں نئی حرکت پیدا ہونا امن کی بحالی کی جانب ایک اہم اشارہ ہے۔ اگر یہ رابطے آگے بڑھتے ہیں تو پاکستان اور دیگر علاقائی ممالک کے لیے سفارتی سہولت کاری کا کردار ادا کرنے کی نئی گنجائش پیدا ہوسکتی ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے کے ساتھ ایران کے ساتھ اعتماد، باہمی احترام اور قریبی ہمسائیگی کے تعلقات بھی برقرار رکھے۔ یہی متوازن سفارت کاری پاکستان کی اصل کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے تحفظات دور کرنے، امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں کو سہولت دینے اور خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے دفاعی تعاون کو متوازن رکھنے میں کامیاب ہوتا ہے تو وہ خطے میں محض ایک فریق نہیں بلکہ ایک مو¿ثر سفارتی پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ موجودہ علاقائی صورتحال میں پاکستان کی متوازن اور فعال سفارت کاری نہ صرف خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے بلکہ پاکستان کے سفارتی قد و قامت میں بھی اضافہ کرسکتی ہے۔
بلو چستان
ایرانی قیادت کا اسلام آباد دورہ خوش آئند ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر