صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے ک والدین اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور ان کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھیں تاکہ نئی نسل کو منفی سرگرمیوں اور بے مقصد جنگ کا ایندھن بننے سے محفوظ رکھا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گور نمنٹ شہید ایوب بلیدی ڈگری کالج بلیدہ میں منعقدہ تعلیمی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں اساتذہ، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ موجودہ دور میں کسی ملک کو طاقت کے زور پر توڑنا آسان نہیں۔ انہوں نے کردوں کی طویل مسلح جدو جہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً 40 سال تک جاری رہنے والی جنگ میں ہزاروں جا نیں ضائع ہوئیں، تاہم بالآخر ہتھیار پھینکنے کی صورتحال پیدا ہوئی۔ بلوچ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ خود کو کسی بے مقصد جنگ کا ایندھن بنانے کے بجائے اپنی تعلیم اور مستقبل پر توجہ مرکوز کریں، کیونکہ یہ انسرجنسی بھی جلد یا بدیر ختم ہوکر رہے گی۔انہوں نے کہا کہ منفی سرگرمیوں اور مسلح تحریکوں میں نوجوانوں کا استعمال نہ صرف ان کے اپنے مستقبل کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ پورے معاشرے کو متاثر کرتا ہے۔ والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے نوجوانوں کو کسی بھی قسم کی پراکسی یا منفی سرگرمیوں کا حصہ بننے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اگرچہ بلوچستان میں تعلیم کے حوالے سے بہتری آرہی ہے، تاہم اب بھی کئی علاقوں میں معیاری تعلیمی مواقع کی کمی ہے۔ ہمیں ہر علاقے میں بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ایوب بلیدی ڈگری کالج بلیدہ اب صحیح سمت میں گامزن ہے جبکہ فیمیل ایجوکیشن بھی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ بلیدہ میں گرلز کالج کے قیام کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کا ہر فرد جب تک تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا نہیں کرے گا، اس وقت تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے۔میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی جس تیزی سے ترقی کررہی ہے، اس کے تقاضے بھی بدل رہے ہیں۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرنا ہوں گے۔ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہئیںکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویڑنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز مکران ڈویڑن پروفیسر برکت اسماعیل نے کہا کہ تعلیمی شرح کے لحاظ سے مکران ڈویڑن پاکستان میں ساتویں نمبر پر ہے، جبکہ بلیدہ کے حلقے میں شرح خواندگی کیچ کے دیگر علاقوں کی نسبت بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضے تبدیل ہوچکے ہیں، اس لیے تعلیمی تقاضے بھی مختلف ہیں۔ بچوں کو صرف رٹہ لگوانے کے بجائے انہیں سوچنے، تخلیق کرنے اور سوال کرنے کی صلاحیت دینی ہوگی۔ تعلیم انسان کو ایک ذمہ دار شہری بناتی ہے۔ سائنس نے گزشتہ 50 برسوں میں جتنی ترقی کی ہے، اتنی ترقی گزشتہ کئی صدیوں میں نہیں ہوئی۔ تعلیمی بہتری صرف اساتذہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے تمام طبقات اور بالخصوص والدین کو بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔پروفیسر برکت اسماعیل نے کہا کہ شہید ایوب بلیدی ڈگری کالج میں طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں، تاہم بلیدہ میں گرلز کالج کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر سے درخواست کی کہ بلیدہ میں گرلز کالج کی منظوری کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اصل سرمایہ کاری تعلیم ہے، جس کے ذریعے بہتر اور خوشحال مستقبل کے خواب کو شرمند? تعبیر کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض اخلاص اور دیانت داری سے انجام دیتے ہوئے نئی نسل کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیچ علمی حوالے سے ایک زرخیز سرزمین ہے جہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم تعلیم کے بغیر مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ دنیا بہت آگے جاچکی ہے، اس لیے ہمیں بھی اپنی تعلیمی سمت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔شہید ایوب بلیدی ڈگری کالج بلیدہ کے پرنسپل پروفیسر الٰہی بخش نے کہا کہ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی تعلیمی شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کی جانب سے کالج کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بروقت فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، جن میں فٹ سال، چار دیواری، ٹیچرز لاج اور مسجد سمیت دیگر ضروری منصوبے شامل ہیں، جبکہ نئے بجٹ میں بھی کالج کے لیے مختلف منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کالج میں 8 کروڑ روپے کی لاگت سے آئی ٹی حب کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ اس وقت کالج میں 750 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی کی جانب سے کالج کے طلبہ کے اسٹڈی ٹور کے لیے 15 لاکھ روپے بھی فراہم کیے گئے تھے۔کانفرنس کی صدارت شہید ایوب بلیدی ڈگری کالج بلیدہ کے پرنسپل پروفیسر الٰہی بخش نے کی، جبکہ ڈویڑنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز مکران ڈویڑن پروفیسر برکت اسماعیل، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، اسسٹنٹ کمشنر بلیدہ ابوبکر میروانی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بلیدہ ممتاز بلیدی، میونسپل کمیٹی بلیدہ کے چیئرمین اسلام بہادر بلیدی سمیت اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولانا عبدالوکیل نے حاصل کی۔کانفرنس کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے شرکاءکے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔
بلو چستان
موجودہ دور میں کسی ملک کو طاقت کے زور پر توڑنا آسان نہیں، میر ظہوربلیدی