صنعا: غیر ملکی خبرایجنسی نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کی حدیدہ بندرگاہ پر متعددحملے ہوئے ہیں۔
یمن کے حوثیوں سے وابستہ ٹی وی چینل المسیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے ساحلی شہر حدیدہ پر فضائی حملے کیے ہیں۔
حوثیوں سے منسلک ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب نے یمن کے کمران جزیرے کو بھی نشانہ بنایا۔
تاحال سعودی حکام کی جانب سے ان حملوں کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ایک روز قبل یمن کی حوثی اکثریتی جماعت انصاراللہ نے سعودی عرب کے 2 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا تھا ۔
انصاراللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ نشانہ بنائے جانے والے سعودی آئل ٹینکرز نے گروپ کی جانب سے عائد کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحیرہ احمر میں سفر کے دوران سعودی ملکیت والے جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم عملہ محفوظ ہے ۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل یمن کی حوثی تنظیم انصاراللہ نے سعودی عرب کی بحری ناکا بندی کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان انصار اللہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف بحری ناکا بندی کا اعلان کر رہے ہیں۔ یہ فیصلہ سعودی عرب کی جانب سے یمن پر عائد کیے گئے محاصرے کے جواب میں کیا گیا ہے، یمن کے صنعا ائیرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے، اس بندش کا جواب بندش سے دیا جائے گا۔